مہر خبررساں ایجنسی نے شامی ٹیلیویژن چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترکی کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کا منصوبہ بنا رکھا ہے اور وہ دروزیوں کی حمایت کے بہانے اس ملک میں فوجی منصوبے پر عمل درآمد کرنا چاہتا ہے۔
فیدان نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت جنوبی شام میں دروزیوں کے ایک قبیلے کی حمایت کر رہی ہے اور اسے ہفتہ وار بنیادوں پر اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی شام میں دروزیوں کے دو قبیلے دمشق حکومت کی حمایت کرتے ہیں اور اسرائیل کے مخالف ہیں۔
ترکی کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت دروزیوں کے ایک قبیلے کی حمایت کرکے شامی فوج کو ردعمل پر مجبور اور اسے اشتعال دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔
فیدان نے واضح کیا کہ انقرہ نے شام میں اسرائیل کے ممکنہ منصوبے سے اپنے علاقائی اتحادیوں، امریکہ اور یورپی ممالک کو آگاہ کر دیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ شام کے خلاف اسرائیل کی کسی بھی فوجی کارروائی کے نتیجے میں جھڑپیں دوبارہ شروع ہو سکتی ہیں اور خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ